دنیا بھر میں روزانہ لاکھوں کے حساب سے اکاؤنٹ ہیک ہوتے ہیں جن میں لوگ بےتحاشا مالی اور جانی نقصان اٹھاتے ہیں۔ ہیکنگ کے طریقے مختلف ہو سکتے ہیں مگر سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ لوگ اپنا پاس ورڈ منتخب کرتے وقت احتیاط سے کام نہیں لیتے۔ حال ہی میں پاس ورڈ مینیجر ’نورڈ پاس‘ نے اپنی چھٹی سالانہ رپورٹ جاری کی ہے جو آن لائن خطرات پر نظر رکھنے والے سافٹ ویئر نورڈ سٹیلر کے تعاون سے تیار کی گئی ہے۔ اس رپورٹ میں دنیا میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والے غیر محفوظ ترین 200 پاس ورڈ ظاہر کیے گئے ہیں۔ رپورٹ میں اس بات پر حیرت کا اظہار کیا گیا ہے کہ لوگ اب بھی انتہائی غیر محفوظ پاس ورڈ استعمال کر رہے ہیں جنہیں ایک سیکنڈ سے کم وقت میں ہیک کیا جا سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ذاتی اور کارپوریٹ دونوں اکاؤنٹس کے لیے دنیا کا سب سے مقبول پاس ورڈ 123456 ہے، اور یہ اکاؤنٹس کے لیے 30 لاکھ سے زیادہ افراد اور کارپوریٹ اکاؤنٹس کے لیے 12 لاکھ سے زیادہ افراد استعمال کرتے ہیں۔ رپورٹ کہتی ہے کہ یہ پاس ورڈ اب سے نہیں بلکہ جب سے رپورٹ بن رہی ہے، سب سے مقبول پاس ورڈ ہے۔ رپورٹ کے مطابق، ذاتی اکاؤنٹس کے لیے سب سے زیادہ استعمال ہونے والے پانچ پاس ورڈز یہ ہیں: 123456 123456789 12345678 password qwerty123
اور دفتری اکاؤنٹس کے لیے سب سے زیادہ استعمال ہونے والے پانچ پاس ورڈز یہ ہیں: 123456 123456789 12345678 secret password رپورٹ کے مطابق، ان میں سے کسی بھی 10 پاس ورڈز کو توڑنے میں ایک سیکنڈ سے بھی کم وقت لگتا ہے۔ محفوظ پاس ورڈ کیسے بنائیں؟ ایک لمبا پاس ورڈ بنائیں جس میں آپ کی ذاتی معلومات، مثلاً نام، بچوں کا نام، تاریخ پیدائش جیسی آسانی سے اندازہ لگا جا سکنے والی معلومات شامل نہ ہوں۔
اسی طرح عام الفاظ سے بھی گریز کریں جو ڈکشنری میں موجود ہوں۔ مثلاً star, ocean, love, moon, shine, banana جیسے الفاظ ڈکشنری میں موجود ہیں اور انہیں توڑنا بہت آسان ہوتا ہے۔
مختلف سائٹس کے لیے ایک ہی پاس ورڈ دوبارہ استعمال نہ کریں۔
پاس ورڈ میں مختلف کیریکٹرز استعمال کریں، جن میں @#$ اور نمبر شامل ہوں۔ اسی طرح کیپیٹل اور چھوٹے حروف بھی استعمال کیے گئے ہوں۔ اچھے پاس ورڈ کی ایک مثال یہ ہے: 4$gTz!nM3*pX
اس میں ڈکشنری کا کوئی لفظ شامل نہیں، چھوٹے بڑے حروف استعمال کیے گئے ہیں، نمبر موجود ہیں اور سپیشل کیریکٹر بھی شامل ہیں۔ البتہ مسئلہ یہ ہے کہ ایسے پاس ورڈز کو یاد رکھنا بےحد مشکل ہوتا ہے، شاید لوگ اسی مشکل کی وجہ سے آسان اور آسانی سے یاد رکھے جانے والے پاس ورڈ استعمال کرتے ہیں، اور نقصان اٹھاتے ہیں۔
0 Comments