Pakistan

6/recent/ticker-posts

Header Ads Widget

اکانوے گھنٹے بعد بچی کے زندہ بچ جانے پر صدر اردوان کا ٹوئٹ

ترکی کے شہر ازمیر میں خوفناک زلزلہ آنے کے 91 گھنٹوں بعد چار سالہ بچی کو عمارت کے ملبے سے زندہ نکال لیا گیا، بچی کی حوصلہ افزائی کرنے اور امدادی کارکنان کی ستائش کے طور پر تُرک صدر رجب طیب اردوان نے ایک ٹوئٹ بھی کیا ہے۔ اپنے ٹوئٹ میں اردوان نے اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور کئی گھنٹے ملبے تلے دبے رہنے کے باوجود ننھی بچیوں کے زندہ بچ جانے کو معجزہ قرار دیا ہے۔ اردوان کا کہنا تھا کہ ’خدائے برتر کا شکر ہے کہ جس نے معجزہ دکھاتے ہوئے ہمیں پُرامید رہنے کا ایک اور موقع دیا۔‘ انہوں نے لکھا کہ معجزانہ طور پر بچ جانے والی بچی نے امدادی کارکنان کے حوصلے بلند کئے ہیں۔ 

خیال رہے کہ ازمیر میں 91 گھنٹوں تک عمارت کے ملبے میں دبی چار سالہ بچی آئیدا معجزانہ طور پر زندہ رہی۔ ازمیر کے میئر کا کہنا ہے کہ ہم نے 91 گھنٹوں میں ایک معجزہ دیکھا ہے۔ خیال رہے کہ ترکی میں ایجین ساحل اور یونان کے شمالی جزیرے سیموس میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق ترکی کے مغربی صوبے ازمیر کے ساحل سے سترہ کلو میٹر دور یہ زلزلہ آیا جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7 ریکارڈ کی گئی ہے۔ ترک حکام نے زلزے کی شدت 6.6 بتائی ہے اور ترکی سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ازمیر میں اب تک 26 افراد ہلاک جبکہ 800 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زلزلے کے جھٹکے بلغاریہ، یونان، برطانیہ، مصر اور لیبیا میں بھی محسوس کیے گئے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جنگ


Post a Comment

0 Comments