کورونا وائرس نے عالمی تجارت کو بھی شکنجے میں جکڑ لیا ہے۔ عالمی اسٹاک مارکیٹیں گراوٹ کا شکار ہیں، خام تیل کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور فضائی سفر نہ ہونے کی وجہ سے ایئرلائنز، سیاحت، ہوٹل انڈسٹری کو بھی بھاری نقصان کا سامنا ہے۔ تجارتی نمائشیں بھی کورونا وائرس کی لپیٹ میں آگئی ہیں۔ بین الاقوامی سطح پر ہونے والی اہم تجارتی نمائشوں کے ساتھ پاکستان میں مقامی سطح پر ہونے والی نمائشیں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق 7 سے 8 ملکی و غیر ملکی ایونٹ آرگنائزرز نے مارچ میں ہونے والی 3 نمائشیں منسوخ کرنے کی درخواست کی ہے۔ یہ نمائشیں کورونا وائرس کی وجہ سے منسوخ کی جارہی ہیں۔ تجارتی نمائشیں انڈسٹری کا درجہ رکھتی ہیں جس کا حجم ڈھائی ہزار ارب ڈالر کے لگ بھگ ہے۔ کورونا وائرس سے نمائشوں کی بین الاقوامی صنعت بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔
0 Comments