برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں مواصلاتی نظام کی مکمل بندش پر وادی میں شارٹ ویو پر مشتمل ریڈیو نیوز میں وسعت دینے کا اعلان کر دیا۔ بی بی سی کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں متعدد زبانوں میں پروگرام کی تعداد اور دورانیے میں اضافہ کیا جائے گا۔ بی بی سی ورلڈ سروس کے ڈائریکٹر جیمی انگس نے واضح کیا کہ ’وادی میں فون لائنز اور ڈیجیٹل سروس کی مکمل بندش کے بعد درست ہو گا کہ ہم خبروں کی تعداد میں اضافے کے لیے اپنی شارٹ ویو ریڈیو سروس کو وسعت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ’ورلڈ سروس کا ایک بنیادی مقصد متنازع اور کشیدگی والی جگہوں سے آزاد اور غیر جانبدارخبریں فراہم کرنا ہے‘۔
بی بی سی نے بتایا کہ نیوز ہندی ریڈیو کے دورانیے میں 30 منٹ کا اضافہ ہو گا۔ نیوز اردو کے پروگرام روزانہ 15 منٹ پر مشتمل ہوں گے۔ ورلڈ سروس کے مطابق صبح کے وقت انگریزی نشریات میں ایک گھنٹے کا اضافہ کیا گیا تاہم شام کے اوقات میں انگریزی زبان میں خبروں کا آغاز مقررہ وقت سے ایک گھنٹے پہلے شروع ہو گا اور اپنے وقت کے مطابق ختم ہو گا۔ بی بی سی نے بتایا کہ بھارت اس کی ریڈیو سروس کی سب سے بڑی منڈی ہے جہاں ہفتہ وار 5 کروڑ سامعین سروس سے مستفید ہوتے ہیں۔
0 Comments